لاہور( جنگ نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ5شہروں میں احتجاج نے ثابت کر دیا کہ ہمارا کارکن پہلے سے زیادہ پر عزم اور پاکستان کو قاتلوں ،لٹیروں کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہے۔قاتل اقتدار کے دن تھوڑے رہ گئے ،تحریک قصاص و احتساب نتیجہ خیز ہو گی۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو خون کے قطرے قطرے کا حساب دینا ہو گا اور انہیں بتانا ہو گا کہ لندن میں کس پیسے سے محلات خریدے گئے۔وہ گزشتہ روز مختلف اضلاع کے کارکنان کے وفود سے ملاقات کر رہے تھے ،اس موقع پر خرم نوا زگنڈا پور ،رفیق نجم،جی ایم ملک ،نور اللہ صدیقیجواد حامد ،راجہ زاہد و دیگر رہنماء موجود تھے،سربراہ عوامی تحریک نے لاہور ،فیصل آباد،گوجرانوالہ،اسلام آباد اور کراچی میں کامیاب احتجاجی ریلیوں اور دھرنوں پر کارکنوں کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہاکہ چند پل بنا کر قوم کو ترقی کا دھوکہ نہیں دیا جا سکتا ،ان سڑکوں اور پلوں کا کمیشن انکی جیبوں میں جا رہا ہے ۔ملک سود اور قرضوں کی دلدل میں پھنس چکا ہے ، غریب کو ہسپتالوں میں علاج کے بجائے دھکے ملتے ہیں ۔نسل در نسل مظلوم انصاف سے محروم رہتا ہے ۔کروڑوں بچے غربت اور اسکول نہ ہونے کے باعث گلیوں بازاروں میں رل رہے ہیں اور یہی بچے دہشتگردوں کے ہتھے چڑ ھ کر لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ کھڑا کرتے ہیں۔پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود غریب خاندان اس کے ثمرات سے محروم ہیں ۔18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے زندگی کا پہیہ جام کر دیا ہے۔انکے اقتدار کے خاتمے پر کوئی باہر نہیں نکلے گا،16اگست کا احتجاج حکمرانوں کی گرتی دیوار کیلئے ایک بڑا دھکا ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ تحریک قصاص میں ساتھ دینے پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے شکر گزار ہیں۔