بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک خاتون گول گپے کھاتے ہوئے عجیب صورتِ حال کا شکار ہوگئیں۔ ان کا جبڑا اچانک اپنی جگہ سے ہٹ گیا، جس کے باعث منہ کھلا رہ گیا اور بند نہ ہوسکا۔
یہ واقعہ اترپردیش کے اُورئیہ ضلع میں پیش آیا، جہاں خاتون کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ جوائنٹ اسپتال منتقل کیا گیا، ابتدائی طبی امداد کے باوجود ڈاکٹر ان کا جبڑا واپس جوڑنے میں ناکام رہے، جس کے بعد انہیں دوسرے میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا۔
ڈاکٹر کے مطابق خاتون کا جبڑا زیادہ منہ کھولنے کی وجہ سے اپنی جگہ سے ہٹ گیا تھا، جس کو ٹیمپورومینڈیبیولر ڈس آرڈر Temporomandibular Disorder بھی کہا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے کیسز میں مریض کا منہ کھلا رہ جاتا ہے اور اکثر ڈینٹل اسپیشلسٹ کی مدد لینا پڑتی ہے۔
ٹیمپورومینڈیبیولر ڈس آرڈر (TMD) کیا ہے؟
جبڑے کے اُترنے یا درد کی ایک طبی حالت کو ٹیمپورومینڈیبیولر ڈس آرڈر (TMD) کہا جاتا ہے۔
جانز ہاپکنز میڈیسن کے مطابق یہ مسئلہ جبڑے کی ہڈیوں اور اُن اعصاب میں خرابی کے باعث ہوتا ہے جو چہرے میں درد پیدا کرتے ہیں۔