بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے شوہر ظہیر اقبال کے ساتھ شادی سے قبل مشکل دور اور کپل تھراپی لینے کا تذکرہ کردیا۔
38 سالہ سوناکشی کی ظہیر اقبال کے ساتھ جون 2024 میں شادی ہوئی تھی اور یہ دونوں اس وقت بالی ووڈ کی خوش اور مطمئن اسٹار جوڑیوں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں۔
اس کی بڑی وجہ ان کی سوشل میڈیا پر پبلک ڈسپلے آف افیکشن ہے۔ چاہے وہ محبت بھری تصویریں ہوں یا ایک دوسرے پر کیے گئے دلچسپ مذاق، مداح ان کی حقیقی زندگی کی کیمسٹری کے دیوانے ہیں۔
شادی کی سول تقریب میں ہاں کہنے سے پہلے سوناکشی اور ظہیر کے درمیان پورے سات سال رومانوی تعلقات رہے۔ اس دوران کیا ان میں کبھی تلخی ہوئی؟ یا ان کے رشتے میں کوئی مسئلہ آیا؟
اس حوالے سے شادی کی پہلی سالگرہ منانے کے چند ماہ بعد، اب سوناکشی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے رشتے میں سات سال نہیں بلکہ تین سال بعد ایسا مرحلہ آیا تھا۔
سوناكشی نے یہ باتیں حال ہی میں سوہا علی خان کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران کہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہر شخص اور ہر رشتے کے لیے بالکل منفرد ہوتا ہے۔ ہمارے رشتے کے تین سال پورے ہونے پر ایک ایسا مرحلہ آیا تھا جب ہم بس ایک دوسرے کے بال نوچ لینا چاہتے تھے اور ہم ایک دوسرے کی بات سمجھ ہی نہیں پا رہے تھے۔ لیکن ہمارے دل میں تھا کہ ہمیں اس رشتے کو کسی طرح بچانا ہے۔
جس پر ظہیر نے کپل تھیراپی کی تجویز دی، ظہیر کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ یہ رشتہ ہر حال میں چلے۔ جس پر ہم نے سوچا کیوں نہ ایک بار آزما کر دیکھیں۔ سوناکشی کے مطابق مجھے یاد ہے کہ جب ہم نے ایسا کیا تو دو سیشن میں ہم کامیاب ہوگئے۔