پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطح کے وفد نے آج ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد سے وزارتِ خزانہ کے مطابق اصلاحات اور نجی شعبے کے فروغ پر پاکستان اے ڈی بی تعاون تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی بر وقت بجٹ سپورٹ اور اصلاحاتی معاونت کو سراہا اور کہا کہ حکومت کی توجہ منظوری نہیں، ترقیاتی نتائج اور کارکردگی پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی اصلاحات پر عالمی اعتماد میں اضافہ ہوا، توانائی، ٹیکس، ایس او ایز اور نجکاری اصلاحات پر پیش رفت جاری ہے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ برآمدات، آئی ٹی سروسز اور ترسیلاتِ زر میں مثبت رجحان ہے، اے ڈی بی اور آئی ایم ایف پروگرام سے ہم آہنگ مزید بجٹ سپورٹ کی تیاری جاری ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں نجی شعبے، پی پی پیز اور گارنٹی اسکیموں میں تعاون بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
انشورنس، پینشن اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں اصلاحات اے ڈی بی کے ترجیحی شعبے ہیں۔
فریقین کے درمیان موسمیاتی لچک اور سماجی شعبے میں تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔