• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹروں کی ہڑتال کے بعد بحالی کا مرحلہ ہمارے لیے باعث تشویش ہے، برطانوی وزیر صحت

برطانیہ کے وزیرِ صحت ویس اسٹریٹنگ(فائل فوٹو)۔
برطانیہ کے وزیرِ صحت ویس اسٹریٹنگ(فائل فوٹو)۔

برطانیہ کے وزیرِ صحت ویس اسٹریٹنگ نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں ریذیڈنٹ ڈاکٹروں کی 5 روزہ ہڑتال کے دوران نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) فی الحال صورتحال سے نمٹ رہی ہے۔

تاہم ہڑتال کے بعد خدمات کی بحالی کا مرحلہ ان کے لیے باعثِ تشویش ہے، کیونکہ یہ وقت این ایچ ایس کے مصروف ترین موسمِ سرما سے ہم آہنگ ہو رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن (بی ایم اے) کی قیادت میں ہونے والی صنعتی کارروائی کے فوری اثرات کو سنبھال لیا گیا ہے، لیکن فلو کے بڑھتے ہوئے کیسز اور موسمِ سرما کے دباؤ کے باعث ہڑتال کے بعد معمول کی خدمات کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہو گی۔ 

برطانوی وزیرِ صحت نے کہا کہ این ایچ ایس اس وقت صورتحال سے نمٹ رہی ہے مگر مجھے زیادہ تشویش ہڑتال کے بعد کے مرحلے کی ہے، جب ہمیں سروسز کو مکمل طور پر بحال کرنا ہو گا۔ یہ وقت این ایچ ایس کے لیے سال کا سب سے مصروف دور ہوتا ہے۔

ویس اسٹریٹنگ نے ریذیڈنٹ ڈاکٹروں کے ساتھ مذاکرات میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اضافی تربیتی مواقع کی پیشکش کی تھی، تاہم تنخواہوں میں اضافے کے بغیر دی جانے والی یہ پیشکش بی ایم اے نے مسترد کر دی۔ ان کے اس رویے پر ٹریڈ یونینز کی جانب سے تنقید بھی سامنے آئی ہے۔ 

یونین کی آئندہ جنرل سیکریٹری اینڈریا ایگن نے اس مؤقف کو ہڑتالی ملازمین کے لیے ناقابلِ قبول قرار دیا، اسٹریٹنگ نے اس تاثر کو رد کیا کہ ڈاکٹر دیگر طبی عملے کی مشکلات سے لاتعلق ہیں۔

تاہم انہوں نے بی ایم اے کے مؤقف کو سخت اور غیر لچکدار قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ڈاکٹر خود غرض ہیں یا نرسوں اور دیگر ہیلتھ کیئر ورکرز کی پروا نہیں کرتے، لیکن بی ایم اے کا مؤقف بعض اوقات بہت سخت اور سمجھوتے سے عاری ہوتا ہے۔

یہ بیانات ایک وسیع انٹرویو کا حصہ تھے، جس میں وزیرِ صحت نے معیشت، یورپ کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات اور اپنی سیاسی ترجیحات پر بھی گفتگو کی۔

انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ گہرے معاشی شراکت داری کو معاشی ترقی کے لیے مفید قرار دیا، تاہم اس بات پر زور دیا کہ وہ وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کی قیادت کو چیلنج کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید