• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پابندی کا امکان

ایکس یا ایلون مسک کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تفصیلی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا۔
ایکس یا ایلون مسک کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تفصیلی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا۔

برطانیہ میں ایلون مسک کی ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو شدید تنقید اور ممکنہ پابندی کا سامنا ہے۔

پلیٹ فارم سے منسلک ایک مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ بوٹ پر خواتین اور بچوں کی تصاویر کو نازیبا انداز میں تبدیل کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے اس معاملے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ڈیپ فیک مواد کو "انتہائی گھناؤنا اور ناقابلِ برداشت" قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو بچوں اور خواتین کے تحفظ کی مکمل ذمہ داری لینا ہوگی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، برطانیہ میں سوشل میڈیا کے لیے نافذ آن لائن سیفٹی قوانین کے تحت ایکس کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔ اگر یہ ثابت ہو گیا کہ پلیٹ فارم نقصان دہ مواد روکنے میں ناکام رہا ہے تو اس پر بھاری جرمانے یا مکمل پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

ڈیجیٹل حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے پرائیویسی، وقار اور انسانی حقوق کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں، جبکہ بچوں سے متعلق ڈیپ فیک مواد کو سنگین جرم تصور کیا جانا چاہیے۔

تاحال ایکس یا ایلون مسک کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تفصیلی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم تنازع بڑھنے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا ریگولیشن سے متعلق بحث ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید