• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی نژاد پاکستانی نوجوانوں کا مکہ سے مدینہ تک سائیکل پر تاریخی سفر

تین برطانوی نژاد پاکستانی نوجوان بھائیوں نے عزم، ایمان اور غیر معمولی حوصلے کی مثال قائم کرتے ہوئے مکہ المکرمہ سے مدینہ منورہ تک کا مقدس اور بابرکت سفر سائیکل پر کامیابی سے مکمل کر لیا۔ 

یہ منفرد اور روح پرور سفر ناصرف جسمانی قوت کا امتحان تھا بلکہ صبر، شکر اور عشقِ رسول ﷺ کی عملی تصویر بھی تھا۔ تینوں نوجوان بھائی برطانیہ کے شہر ہیلی فیکس کے سابق میئر ارشد محمود کے بیٹے ہیں۔

نوجوانوں نے اس طویل اور مشقت طلب سفر کے دوران شدید گرمی، طویل فاصلے اور جسمانی تھکن کا سامنا کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ پر کامل یقین اور دل میں مدینہ منورہ کی حاضری کا شوق ان کے حوصلے کو تازہ رکھتا رہا۔ سفر کے دوران مختلف مقامات پر مقامی افراد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔

مدینہ منورہ پہنچنے پر نوجوانوں نے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دی اور امتِ مسلمہ، بالخصوص پاکستان اور برطانیہ میں مقیم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ سفر محض ایک جسمانی مہم نہیں بلکہ ایک روحانی تجربہ تھا جو ان کی زندگی کا یادگار ترین باب بن گیا ہے۔

یہ بابرکت سفر دنیا بھر کے نوجوانوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ اگر نیت خالص اور مقصد بلند ہو تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ نوجوانوں کے اس کارنامے کو سوشل میڈیا پر بھی خوب پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید