یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ صدر، وزیر اعظم اور نائب وزیراعظم نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ، او آئی سی قیادت کو خطوط لکھے اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطوط میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد اور رائے شماری کا مطالبہ کیا گیا۔
خطوط میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کردار ادا کریں۔
دفتر خارجہ کے مطابق یومِ یکجہتی کشمیر سے قبل غیرملکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وزارتِ خارجہ کے افسران اور عملے نے جناح ایونیو پر یومِ یکجہتی کشمیر واک میں شرکت بھی کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق دنیا بھر میں پاکستانی سفارتی مشنز میں سیمینارز، ریلیاں اور تصویری نمائشوں کا انعقاد کیا گیا۔ تقاریب میں عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اُجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔