ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہمیشہ الزام تراشی اور جھوٹے دعوؤں سے سیاست چمکانے کی عادی رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوامی فلاح اور ترقی کے کاموں میں جماعت اسلامی کا کوئی حصہ نہیں اور یہ لوگ صرف اعتراضات اور تنقید کا ہنر رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی پر کراچی کو تباہ کرنے کا الزام بالکل بے بنیاد اور تاریخی حقائق کے منافی ہے، میئر کے انتخابات میں بڑی شکست کے بعد حافظ نعیم الرحمان صدمے سے دوچار ہیں۔
گنہور خان اسران نے کہا کہ پانی اور سیوریج کے مسائل پر جماعت اسلامی کے الزامات عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہیں، شہر اور دیہات میں پیپلز پارٹی نے بنیادی سہولیات کے متعدد منصوبے چلائے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر کے بیانات میں دھونس اور الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں اور ان کے بیانات عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں ہیں۔