• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا فون کمپنیوں سے سورس کوڈ طلب کرنیکا منصوبہ، ٹیکنالوجی سیکٹر میں ہلچل

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت کا اسمارٹ فون کمپنیوں سے سورس کوڈ طلب کرنیکا منصوبہ، ٹیکنالوجی سیکٹر میں ہلچل، ایپل، سام سنگ، گوگل و دیگر بڑی کمپنیوں کی شدید مخالفت، تجارتی راز اور پرائیویسی کیلئے خطرہ قرار دیا۔ حکومتی موقف ہے کہ آن لائن فراڈ اور ڈیٹا لیکس کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ ضروری ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت اسمارٹ فون سیکورٹی میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے تحت ایپل، سام سنگ، گوگل اور شیاؤمی جیسی کمپنیوں سے اپنے فونز کا سورس کوڈ حکومت کو فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے، جس پر عالمی ٹیک کمپنیوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مجوزہ 83 سیکورٹی معیارات میں سورس کوڈ کا تجزیہ، بڑے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس سے قبل حکومت کو آگاہ کرنا، خودکار میلویئر اسکیننگ، فون لاگز کو کم از کم ایک سال تک محفوظ رکھنا اور کیمرہ و مائیک کے پس منظر میں استعمال پر پابندی شامل ہے۔ کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ سورس کوڈ شیئر کرنے کی کوئی عالمی مثال موجود نہیں، اس سے تجارتی راز افشا ہونے اور صارفین کی پرائیویسی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ اور ڈیٹا لیکس کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ ضروری ہے اور صنعت کے جائز خدشات پر غور کیا جائے گا۔

دنیا بھر سے سے مزید