• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہرامِ مصر کی تعمیر خلائی مخلوق سے منسوب کرنے کا دعویٰ کرنے والے مصنف چل بسے

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

’اہرامِ مصر خلائی مخلوق کی تعمیر ہیں‘، یہ خیال پیش کرنے والے مصنف ایئرش فان ڈینیکن (Erich von Däniken) انتقال کر گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قدیم تہذیبوں پر خلائی مخلوق کے اثرات سے متعلق نظریات سے شہرت حاصل کرنے والے سوئس مصنف ایئرش فان ڈینیکن 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کی بیٹی کورنیلیا اور ان کے نمائندوں نے تصدیق کی ہے کہ ایئرش فان ڈینیکن ہفتے کے روز سوئٹزرلینڈ کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔

1935 میں سوئٹزرلینڈ کے شہر شاف ہاؤزن میں پیدا ہونے والے ایئرش فان ڈینیکن نے ابتدا میں ہوٹل انڈسٹری میں کام کیا، بعدازاں مکمل طور پر تصنیف و تحریر کو اپنایا۔

ایئرش فان ڈینیکن نے 1968 میں اس وقت عالمی سطح پر شہرت حاصل کی جب ان کی کتاب ’چیریٹس آف دی گاڈز‘ منظر عام پر آئی۔ اس کتاب میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ قدیم تہذیبوں کو خلائی مخلوق کی جانب سے جدید علم فراہم کیا گیا تھا۔

اس دلچسپ نظریے نے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر کے قارئین کی توجہ حاصل کرلی، تاہم ماہرینِ آثارِ قدیمہ اور سائنس دانوں نے اسے بڑے پیمانے پر مسترد کر دیا تھا۔

شدید تنقید کے باوجود ایئرش فان ڈینیکن نے 25 سے زائد کتابیں لکھیں، جسے 32 زبانوں میں ترجمہ کیا گیا اور مجموعی طور پر 7 کروڑ سے زیادہ کاپیز فروخت ہوئیں۔ ان کے کام نے جدید دور کی ’قدیم خلائی مخلوق‘ (Ancient Aliens) سے متعلق ثقافت کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا اور پراسرار تاریخی واقعات پر مبنی فلموں اور ٹی وی سیریز کو بھی متاثر کیا۔

ایئرش فان ڈینیکن کے پسماندگان میں ان کی 65 برس سے شریکِ حیات الزبتھ اسکاژا، بیٹی کورنیلیا اور دو نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید