ہالی ووڈ کے اسٹار اداکار ول اسمتھ نے بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ سے ہندی فلم میں کردار دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 57 سالہ ول اسمتھ نے دبئی میں اپنی نئی سیریز ’پول ٹو پول ویتھ ول اسمتھ ‘ کے پریمیئر کے موقع پر گفتگو کی اور بالی ووڈ میں اپنی گہری دلچسپی کا ایک بار پھر اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے بھارتی سنیما کے بڑے ستاروں کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے براہِ راست شاہ رخ خان سے درخواست کی کہ انہیں کسی ہندی فلم میں کاسٹ کیا جائے۔
ہالی ووڈ اداکار نے شاہ رخ کے بالی ووڈ میں بلند مقام کو سراہا، اُن سے اپنی دیرینہ محبت کا اظہار کیا اور مستقبل کے ممکنہ تعاون کی امید ظاہر کی۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے شاہ رخ خان سے ہندی فلم میں اپنی کاسٹنگ کے بارے میں کہا کہ ’مجھے کسی فلم میں لے لیجئے‘۔
ول اسمتھ نے انکشاف کیا کہ ماضی میں ان کی سلمان خان اور امیتابھ بچن سے بات چیت ہوئی تھی، مگر باہمی دلچسپی کے باوجود کوئی منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔
ہالی ووڈ میں وہ اس وقت اپنی نئی نیشنل جیوگرافک سیریز کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں وہ دنیا بھر میں 100 دنوں کےلیے انتہائی مشکل چیلنجز کا سامنا کرتے دکھائی دیں گے۔