• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے سینئرز سے سیکھا، آج سکھانے والے نہیں، سیکھنے کی جستجو بھی نہیں: صبا فیصل

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ صبا فیصل کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے سینئرز سے بہت کچھ سیکھا ہے، لیکن آج کل سکھانے والے نہیں ہیں تو سیکھنے کی جسجتو بھی نہیں ہے۔

حال ہی میں سینئر اداکارہ نے سرکاری ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس دوران نئے اداکاروں کے نخرے، سیٹ پر ان کی عدم دلچسپی اور بنیادی معلومات کی کمی پر بھی کھل کر بات کی۔

اس حوالے سے صبا فیصل کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے سینئرز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ آج کل جونیئرز کو سکھانے کی روایت ہی ختم ہو گئی ہے اور خود جونیئرز میں بھی سیکھنے کی وہ لگن نہیں رہی۔ یقین کریں، جب ہم سیٹ پر جاتے ہیں اور نئے اداکار آتے ہیں تو ہم ان سے زیادہ میل جول نہیں رکھتے، فاصلہ برقرار رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم انہیں درست کرنے یا مشورہ دینے کی کوشش کریں تو جواب ملتا ہے، ’ایکسکیوز می؟ آپ کون ہیں؟‘ انہیں لگتا ہے کہ وہ سب کچھ پہلے ہی جانتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ درست ہے کہ آج کے اداکار زیادہ سمجھدار اور اسمارٹ ہیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ کم از کم کچھ فنکاروں کو فٹ ورک کی سمجھ ہو۔ ہم اپنا زیادہ تر وقت سینئرز کے ساتھ گزارتے تھے اور ریہرسل کیا کرتے تھے، جبکہ آج کل کئی اداکاروں کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ فٹ ورک کیا ہے۔ یہ جاننا ضروری ہے کہ اپنی جگہ نہیں چھوڑنی چاہیے بلکہ آنکھوں اور باڈی لینگویج کے ذریعے اداکاری کا اظہار کرنا چاہیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید