متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں رواں سال قومی مسافر ریل نیٹ ورک کا آغاز ہونے جارہا ہے جو اماراتی ریاست کے 11 شہروں اور علاقوں کو آپس میں منسلک کرے گا۔
اتحاد ریل نیٹ ورک ابوظبی، دبئی، شارجہ اور فجیرہ کو آپس میں منسلک اور ابوظبی اور شارجہ کے دور دراز علاقوں میں سروس فراہم کرے گا۔
اتحاد ریل حکام نے اعلان کیا ہے کہ ابوظبی کے مغربی علاقے الظفرہ اور شارجہ کے دور دراز صحرائی علاقوں تک ٹرین سروس مسافروں کو پہنچائے گی۔
اتحاد ریل کے مطابق یہ سروس ٹرانسپورٹ کے شعبے کو فروغ دینے اور امارات کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کے قومی وژن کا حصہ ہے۔
جدید ٹرانسپورٹ نظام کے تحت 11 شہروں اور علاقوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے تیار کیے گئے اس نیٹ ورک میں ابو ظبی، دبئی، شارجہ، فجیرہ، السلع، الظنہ، مرفا، مدینہ زاید، مزیرعہ، الفایہ اور الدھید اسٹیشنز شامل ہوں گے۔
مسافر کے لیے خدمات مستقبل کی ترقی اور توسیعی ضروریات کے مطابق مرحلہ وار متعارف کروائی جائیں گی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایک زیادہ مربوط، مؤثر اور جدید سفری نظام کی جانب پیش رفت کی جا رہی ہے۔
یہ ریل سروس جدید سہولتوں سے آرستہ ہوگی، جس میں انٹرنیٹ (وائی فائی)، موبائل چارجر اور 400 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ اتحاد ریل سروس کے ذریعے شہروں کے درمیان سفر زیادہ تیز، محفوظ اور ٹریفک پر دباؤ کم ہونے کا امکان ہے۔