• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کی اداکاراؤں میں نفاست اور نزاکت ختم ہوگئی ہے: شاہدہ منی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی فلم انڈسٹری کی ماضی کی مقبول اداکارہ شاہدہ منی کا کہنا ہے کہ آج کی اداکاراؤں میں نفاست اور نزاکت ختم ہوگئی ہے۔

حال ہی میں شاہدہ منی نے نجی ٹی کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر گفتگو کی۔

دورانِ انٹرویو انہوں نے موجودہ دور کی اداکاراؤں کے بارے میں اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ ان کے مطابق آج کی اداکاراؤں میں روایتی نفاست کم ہوتی جا رہی ہیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہدہ منی نے کہا کہ ’میں یہ نہیں کہوں گی کہ آج کی اداکارائیں خوبصورت نہیں ہیں، مگر ایک بات ضرور کہوں گی کہ یہ لڑکوں کی طرح ہوگئی ہیں، ان میں وہ نزاکت اور دلکشی اب نظر نہیں آتی جو پہلے خواتین سے منسوب ہوا کرتی تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بلاشبہ آج کل کی اداکارائیں قدرتی طور پر خوبصورت ہیں اور دلکش بھی لگتی ہیں، ان میں کوئی خامی نہیں اور وہ اچھا کام کر رہی ہیں، لیکن وہ نزاکت ختم ہو گئی ہے۔ اگر عورت سے کشش نکال دی جائے تو پھر کچھ باقی نہیں رہتا۔ آنکھیں خوبصورت ہوں، قد اچھا ہو، لیکن اگر تاثرات نہ ہوں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں، وہ ایک گڑیا کی مانند ہوتی ہیں جس میں سب کچھ ہوتا ہے مگر جان نہیں ہوتی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’آج کل اداکارائیں مردوں جیسا لباس بھی پہننے لگی ہیں، جبکہ پہلے ہم اپنے کردار کے مطابق لباس پہنتے تھے۔ ایک اداکار کو کردار جیسا ہی نظر آنا چاہیے۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید