• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلا حدید اور پیڈرو پاسکل نے کنسرٹ کے دوران غزہ اور سوڈان کیلئے کتنے ملین ڈالرز اکٹھے کیے؟

فوٹو — سوشل میڈیا
فوٹو — سوشل میڈیا 

سوڈان سے تعلق رکھنے والے کینیڈین شاعر مصطفیٰ کی قیادت، بیلا حدید اور پیڈرو پاسکل کی میزبانی میں ایک خصوصی شو کا انعقاد کیا گیا جسے ’آرٹسٹ فار ایڈ‘ کا نام دیا گیا۔ 

اس شو میں سوڈان اور فلسطین کے متاثرین کے لیے فنڈز جمع کیا گیا، حال ہی میں اس شو کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد کیا گیا تھا۔

سوڈانی امریکن فزیشنز ایسوسی ایشن اور فلسطینی چلڈرن ریلیف فنڈ کے لیے اس شو میں مجموعی طور پر 5.5 ملین ڈالرز کا عطیہ جمع کیا گیا۔ تقریباً 20 فنکاروں اور فنکاروں کے ساتھ ساتھ ٹکٹ خریدنے والے ہزاروں حاضرین نے بھی اس تقریب کی حمایت کی۔

فوٹو — سوشل میڈیا
فوٹو — سوشل میڈیا 

اس شو کے دوران چیپل روان اور لوسی ڈیکس کے اسپیشل کور ’69 لوو سونگز‘،  میگی راجرز اور شان مینڈس کی شاندار پرفارمنس اور ان کے علاوہ کلیرو، بلڈ اورنج، نونیم، عمر اپولو، ریکس اورنج کاؤنٹی اور مزید کئی فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس دی۔

سوڈان سے تعلق رکھنے والے کینیڈین شاعر مصطفیٰ نے اس حوالے سے کہا کہ میں ہمیشہ سے جانتا تھا کہ فنکار کی طاقت موسیقی کے بارے میں ان کا علم نہیں ہے بلکہ ایک فنکار کی طاقت ان کی ہمدردی ہے۔

امدادی تنظیم فلسطینی چلڈرن ریلیف فنڈ نے کہا کہ اس شو نے یہ دکھایا کہ عالمی یکجہتی کس طرح حقیقی عمل بن سکتی ہے جو فلسطین اور سوڈان دونوں ممالک کے متاثرہ بچوں کے لیے دیکھ بھال اور امید کا ایک طاقتور پیغام بھیجتی ہے۔

فلسطینی چلڈرن ریلیف فنڈ نے اپنے بیان میں مزید لکھا کہ اس شو کے دوران ہم خاص طور پر ان دو بچوں کو ایک بار پھر پھلتے پھولتے اور مضبوط دیکھ کر متاثر ہوئے جنہیں انخلاء کے دوران غزہ سے نکالا گیا تھا۔

اس شو کی شریک میزبان اور فلسطین سے تعلق رکھنے والی امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے کہا کہ شو کے دوران اکٹھے کی گئی رقم براہ راست فلسطینی چلڈرن ریلیف فنڈ اور سوڈانی امریکن فزیشنز ایسوسی ایشن کو بچوں کی مدد کے لیے عطیہ کی جائے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں جب بھی فلسطین کے بارے میں بات کرتی ہوں تو میں اپنے بابا کے بارے میں سوچتی ہوں جو کہ فلسطین کے شہر ناصره میں پیدا ہوئے تھے لیکن بعد میں پناہ گزین بن گئے۔

بیلا حدید نے مزید کہا کہ میرے بابا نے مجھے اپنی سچائی بتائی اور ہمیشہ مجھے محبت کرنا سکھایا، اُنہوں نے کبھی مجھے نفرت نہیں سکھائی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بابا نے مجھے جو کچھ بھی سکھایا وہ ہمدردی، شکر گزاری اور تاریخ سے آگاہی کے بارے میں تھا۔

بیلا حدید نے بتایا کہ میری پرورش اس ملک کی یاد پر ہوئی ہے جسے بابا نے چھوڑ دیا تھا اور میں آج کی رات فلسطین کو یہاں اپنے ساتھ لے کر آئی ہوں یہاں کا ہر ایک فلسطینی میرے بابا کے دل کا ایک حصہ ہے اور حدید خاندان کے دل کا حصہ ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید