بنگلادیش اسلامک موومنٹ، اسلامی اندولن بنگلادیش نے جماعت اسلامی کی قیادت میں بننے والے انتخابی اتحاد میں شامل نہ ہونے اور 13ویں پارلیمانی انتخابات آزاد حیثیت میں لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اسلامی اندولن بنگلادیش کے ترجمان غازی عطا الرحمان نے ڈھاکہ کے پرانا پلٹن میں واقع جماعت کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان کی پارٹی 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات میں 268 حلقوں سے آزاد حیثیت میں حصہ لے گی۔
غازی عطا الرحمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ اسلامی اندولن کے امیر اور چرمونائی پیر مفتی سید محمد رضوان کریم کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے اتحاد سے علیحدگی کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ اسلامی اندولن کو اتحاد کے اندر منصفانہ سلوک سے محروم رکھا گیا اور پارٹی کو بعض ایسی سرگرمیوں پر شدید تحفظات لاحق ہوئے جو ان کے بقول اسلامی تعلیمات اور اقدار سے متصادم ہیں۔
غازی عطا الرحمان نے کہا کہ ہم پورے ملک میں 268 حلقوں سے درست اور منظور شدہ نامزدگیاں حاصل کر چکے ہیں۔ ہم انہی نشستوں پر آزاد حیثیت سے انتخاب لڑیں گے، اسلامی اندولن اپنے طور پر انتخابات میں حصہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے امیر نے بی این پی کے چیئرمین طارق رحمان سے معاملات طے کرنے کی بات کی، لیکن اس حوالے سے اسلامی اندولن سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
اس اعلان کے ساتھ ہی اسلامی اندولن بنگلادیش کی جماعتِ اسلامی کی قیادت میں قائم اتحاد سے وابستگی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی۔
واضح رہے کہ 2024 کے اواخر میں اسلامی اندولن، جماعتِ اسلامی اور دیگر جماعتوں نے فروری کے عام انتخابات سے قبل جولائی چارٹر کے نفاذ کے مطالبے پر ایک اتحاد تشکیل دیا تھا۔
انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد اس اتحاد میں نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی)، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) اور اے بی پارٹی کی شمولیت کے بعد اتحاد 11 جماعتوں پر مشتمل ہو گیا تھا۔
تاہم بعد ازاں اسلامی اندولن نے جماعتِ اسلامی پر الزام عائد کیا کہ ان جماعتوں، بالخصوص این سی پی کو دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بغیر اتحاد میں شامل کیا گیا، جس کے نتیجے میں اتحاد کے اندر شدید تناؤ پیدا ہوا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات 12 فروری 2026 کو منعقد ہوں گے، جن کے ساتھ آئینی اصلاحات پر ریفرنڈم بھی ہوگا۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 2,568 کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں، جبکہ 20 جنوری کو دستبرداری کی آخری تاریخ مقرر ہے۔