بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 13 اور 2002 کے بالی ووڈ ریمکس گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت کی بلندیوں کو پہنچنے والی شیفالی جری والا کے شوہر پراگ تیاگی نے اہلیہ کی موت سے متعلق حیران کُن دعویٰ کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیفالی جری والا کی اچانک موت کے تقریباً ایک سال بعد ان کے شوہر نے حالیہ بیان میں نت نئے دعوے کئے، جس نے نئے شکوک و شبہات کو جنم دے دیا۔
خیال رہے کہ شیفالی جری والا کی اچانک موت گزشتہ برس جون میں ہوئی تھی۔ اس وقت طبی رپورٹس میں ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی تھی، اور تاحال اس نتیجے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
تاہم اب حالیہ انٹرویو کے دوران پراگ تیاگی نے کہا کہ میں اس بات سے مطمئن نہیں ہوں کہ شیفالی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی بلکہ مجھے لگتا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے کچھ اور عوامل تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ شیفالی پر موت سے قبل کالا جادو کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ محض قیاس آرائی نہیں بلکہ ذاتی تجربے کی بنیاد پر یقین سے کہہ رہا ہوں، بہت سے لوگ ان باتوں پر یقین نہیں کرتے، لیکن میں مانتا ہوں جہاں بھگوان ہے وہاں شیطان بھی ہے۔
پراگ تیاگی نے یہ بھی بتایا کہ مجھے کئی مواقع پر محسوس ہوا کہ کچھ غلط ہو رہا ہے۔عبادت کے دوران بھی مجھے شیفالی میں غیرمعمولی تبدیلیاں محسوس ہوئیں۔