پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ حکومت اگر مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے تو اپنا انداز بدلے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ محمود اچکزئی سے ملنے آیا ہوں اور انہیں مبارکباد دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جو تقاریر محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے کیں یہ تاریخی گفتگو تھی، اپوزیشن لیڈرز نے جو گفتگو کی، اس سے بہتر کوئی بات نہیں کی جاسکتی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے قومی پس منظر پیش کیا کہ ہم کن وجوہات پر یہاں کھڑے ہیں، تقاریر میں واضح کیا کہ بہتری کی طرف جانے کا راستہ کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عدلیہ تباہ ہو رہی ہے، پارلیمان کو جس طرح چلایا جا رہا ہے ایسے ملک نہیں چلتا۔
سلمان اکرم راجا نے یہ بھی کہا کہ آپ کی معیشت گھٹنوں پر نہیں بلکہ منہ کے بل گری ہوئی ہے، آپ کے نوجوان اس وقت رل رہے ہیں نوکریاں نہیں مل رہیں۔
انہوں نےکہا کہ ہم کراچی میں رہے، لاکھوں لوگ سڑکوں پر تھے اور انہوں نے ہمیں سپورٹ کیا، ہمیں باغ جناح نہیں جانے دیا گیا، اسٹیج تک نہ لگانے دیا گیا لاکھوں لوگ اکٹھے ہوئے گملا تک نہ ٹوٹا، سہیل آفریدی لاہور آئے تو 2 دنوں میں 800 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کا بیان سنا مجھے تو وہ ماحول نظر نہیں آ رہا کہ بات چیت ہوسکے، اگر آپ مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیں تو یہ انداز بدلنا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ نے اگر مذاکرات کرنا ہیں مثبت انداز سے آگے بڑھنا ہے تو مارپیٹ بند کرنا ہوگی۔