پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار آغا علی نے دوسری شادی سے متعلق منصوبوں سے پردہ اُٹھا دیا۔
حال ہی میں معروف اداکار نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی دوسری شادی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
شادی کے تصور سے وقتی طور پر دوری اختیار کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں آغا علی نے کہا اللّٰہ سب کو خوش رکھے۔ اگر شادی کامیاب ہو جائے تو یہ سب سے خوبصورت چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو محبت کرنے والے ساتھیوں سے بہتر کچھ نہیں۔ تاہم یہ بھی ہوتا ہے کہ بعض لوگ کچھ عرصہ خوشی سے ساتھ رہتے ہیں اور پھر علیحدہ ہو جاتے ہیں۔ اگر ایسا ہو جائے تو انہیں آگے بڑھ جانا چاہیے اور دوبارہ شادی بھی کی جا سکتی ہے۔ جہاں تک میرا تعلق ہے، فی الحال میں شادی کے بارے میں نہیں سوچ رہا، لیکن جب ایسا کچھ ہوگا تو یقیناً سب کے ساتھ شیئر کروں گا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ میں دوبارہ شادی کروں گا۔ میں شادی کرنا چاہتا ہوں کیونکہ آخرکار یہ مرد اور عورت دونوں کے لیے ایک درست اور حتمی حقیقت ہے، زندگی کسی شریکِ حیات کے ساتھ ہی مکمل ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ آغا علی کی پہلی شادی اداکارہ حنا الطاف کے ساتھ 2020ء میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی تھی پھر 2022ء میں اس جوڑے کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگیں جنہیں پہلے تو آغا علی نے مسترد کر دیا تھا۔
بعد ازاں اس جوڑے نے اپنی علیحدگی کی خبروں پر مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی تھی تاہم 2024ء میں آغا علی نے ایک پوڈ کاسٹ کے دوران طلاق کی تصدیق کی تھی۔