• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے پی ایس یو پی کا وزیرِ اعظم سے چیئرمین ایچ ای سی کی فوری تقرری کا مطالبہ

ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (اے پی ایس یو پی) نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے باقاعدہ چیئرمین کی فوری تقرری کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین ایچ ای سی کا اہم عہدہ 29 جولائی 2025 سے خالی ہے۔

وزیرِ اعظم کو ارسال کیے گئے خط میں اے پی ایس یو پی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ مستقل چیئرمین کی عدم موجودگی کے باعث اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پالیسی سازی، طویل المدتی منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی متاثر ہو رہی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک میں اعلیٰ تعلیم، معیار کی یقین دہانی، تحقیق کے فروغ، بین الاقوامی تعاون اور جامعات کے نظم و نسق میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ 

اے پی ایس یو پی کے مطابق مستقل چیئرمین کی عدم تقرری سے ادارہ جاتی استحکام اور اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اے پی ایس یو پی نے نشاندہی کی کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی 9 رکنی سرچ کمیٹی شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت تقرری کا عمل مکمل کر چکی ہے اور 3 شارٹ لسٹ امیدواروں کے نام وزیرِ اعظم آفس کو حتمی منظوری کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔

خط کے مطابق ایچ ای سی آرڈیننس کے تحت چیئرمین کی تقرری 3 ماہ کے اندر مکمل ہونا ضروری ہے، تاہم یہ قانونی مدت گزر چکی ہے جس کے باعث ایک اہم قومی ادارے میں انتظامی خلا پیدا ہو گیا ہے۔

اے پی ایس یو پی نے نجی شعبے کی جامعات کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی کی منظوری اور تقرری کے عمل کو جلد از جلد مکمل کروائیں تاکہ ادارہ جاتی استحکام بحال ہو اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تمام متعلقہ فریقین کا اعتماد مضبوط ہو۔

خط کے اختتام پر اس معاملے کو قومی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ چیئرمین ایچ ای سی کی بروقت تقرری پاکستان میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور انسانی وسائل کی ترقی کے مستقبل کے لیے نہایت ضروری ہے۔

اس خط کی نقل وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو بھی ارسال کی گئی ہے، جو چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کے لیے قائم سرچ کمیٹی کے کنوینر بھی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید