کراچی میں آتش زدگی کا شکار ہو کر تباہ ہونے والے گل پلازا سے ملنے والی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی کی سندھ فارنزک ڈی این اے لیب میں مزید 2 لاشوں کی شناخت ہو گئی۔
حکام نے بتایا ہے کہ دونوں لاشوں کی شناخت محمد طاہر اور محمد شیث کے ناموں سے ہوئی ہے، اس طرح ڈی این اے کے ذریعے شناخت کی گئی لاشوں کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق جامعہ کراچی کو اب تک 42 لاشوں کے ڈی این اے کے نمونے موصول ہوئے ہیں۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت کے لیے لواحقین کے 55 ریفرنسز موصول ہوئے۔
واضح رہے کہ کراچی کے بڑے کاروباری شاپنگ سینٹرز میں سے ایک گل پلازا گزشتہ ہفتے آگ لگنے سے مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہو چکی ہے، جاں بحق 20 افراد کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 71 لاشوں کے پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکے ہیں۔