اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ موسم سرما کے دوران جسمانی سرگرمیوں میں کمی اور چکنائی سے بھرپور کھانوں کی وجہ سے وزن میں اضافہ ہو جاتا ہے مگر ماہرین صحت کہ رائے اس سے مختلف ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ 3 اہم وجوہات کی بنا پر موسم سرما وزن کم کرنے کے لیے ایک بہترین موسم ہے۔
پہلی وجہ یہ ہے کہ سردیوں میں انسان کا ہاضمہ مضبوط ہوجاتا ہے یعنی ہاضمہ زیادہ مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے اور خوراک کو زیادہ بہتر طریقے سے توڑتا ہے۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ جب نظامِ ہاضمہ مضبوط ہوتا ہے تو غذائی اجزاء جسم کے اندر چربی کی صورت میں ذخیرہ ہونے یا بغیر کسی استعمال کے خارج ہوجانے کے بجائے مؤثر طریقے سے جسم میں جذب ہوتے ہیں۔
تیسری وجہ یہ ہے کہ جب درجہ حرارت کم ہوتا ہے تو وہ تھرموجنیسیس کے عمل کو فروغ دیتا ہے جس کا مطلب ہے کہ انسان کا جسم گرمی پیدا کرنے اور گرم رہنے کے لیے زیادہ کیلوریز جلاتا ہے۔
ماہرین صحت کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اگر موسم سرما کے دوران صحیح ڈائٹ پلان کے ساتھ وزن کم کرنے کی کوشش کی جائے گی تو زیادہ بہتر نتائج ملیں گے۔
ماہرین صحت کے مطابق سردیوں میں موسمی پھل، مختلف غذائیت سے بھرپور سبزیاں اور فائبر سے بھرپور غذا وزن میں کمی کو فروغ دیتی ہے۔