سردیوں میں ماہرین خواتین کو زیادہ پانی پینے اور موسمی پھل کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی سرد اور خشک موسم جلد میں پانی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے جس کی وجہ سے خواتین زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔
اس لیے طبی ماہرین صحت مند اور چمکدار جلد کو برقرار رکھنے کے لیے زیادہ پانی پینے اور موسمی پھلوں جیسے کہ کینو، مالٹا اور امرود کے استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔
شدید سردی کے دوران ہوا میں نمی کم ہونے کی وجہ سے جلد خشک اور پھیکی پڑ جاتی ہے۔
خواتین اکثر یہ بتاتی ہیں کہ خشکی کی وجہ ان کی جلد بے جان ہو کر پھٹنے لگتی اور پھر اس میں جلن ہوتی ہے۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ موسمی پھلوں کی اہمیت اور پانی کی مقدار میں کمی کی وجہ سے جلد مزید خراب ہوجاتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ماہرین صحت پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے روزانہ زیادہ مقدار میں پانی پینے اور وٹامن سے بھرپور پھلوں کو خوراک میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
کینو اور امرود جیسے موسمی پھل ضروری غذائی اجزاء اور اینٹی آکسیڈنٹ فراہم کرتے ہیں جو جلد کی نمی کو برقرار رکھتے ہیں۔
ماہرین صحت مزید مشورہ دیتے ہیں کہ خواتین سردیوں میں جلد سے متعلق پریشانیوں سے دور رہنے کے لیے خوراک اور موئسچرائزر کو یکجا کرکے جلد کی بہتر دیکھ بھال کے لیے ایک مکمل شیڈول بنائیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پانی کا مناسب استعمال ناصرف جلد کو فائدہ پہنچاتا ہے بلکہ سردیوں میں مجموعی صحت کو بھی سہارا دیتا ہے۔