متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ، وزیر اطلاعات اور میئر کراچی استعفیٰ دیں۔ بلاول بھٹو سے کہہ رہے ہیں کہ آپ ان سے استعفیٰ لیں۔
کراچی میں حیدرعباس رضوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ جب ہماری سیکیورٹی آپ کی ضمانت نہیں تو کیا اسلام آباد سے سیکیورٹی لیں، نظریں سانحہ گل پلازا سے ہٹانے کے لیے کوشش ہے، اس بار جان نہیں چھوٹے گی۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ مطالبے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، سانحہ کی جوڈیشل کمیشن سے تحقیقات کرائیں، چاہے ہماری سیکیورٹی واپس لی جائے یا چاہے ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں بھی جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا ہے، اس بار سانحہ گل پلازا کے متاثرین کو انصاف دلا کر رہیں گے، آپ کراچی کو وفاق کے حوالے کردیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ اتنا بوجھ ڈال دیا گیا ہے آپ کی حکومت نے کہ اب یہ سفینہ ڈوب نا جائے، آپ کراچی سے خود دستبردار ہو رہے ہیں اور یہ آپ اپنے عمل سے بتا رہے ہیں۔ لوگ ڈمپر سے مارے جائیں اور بچے گٹر میں گر کر مر جائیں، اس سے آپ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم آ پ کی ذمے داری نہیں لے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے کہہ رہے ہیں کہ آپ ان سے استعفیٰ لیں، وزیر اطلاعات اپنی مرضی سے جوڈیشل کمیشن بنالیں لیکن بنا تو لیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو سے کئی ایشوز اور سندھ کےعوام کے حق کے لیے ملنا چاہتے ہیں، گل پلازا کے سانحے کو لیکر اب تک کی صورتحال آپ کے سامنے ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ لگتا ہے ہمارے سوال اور عوام کے دباؤ سے ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہیں۔