• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست دائر

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بانئ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے بانی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں دائر کر دی۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پراسیکیوشن کو کل کے لیے نوٹسز جاری کر دیے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو جیل میں رسائی دی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر خرم مرزا اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو بانی کے طبی معائنے کی اجازت دی جائے، متعلقہ ڈاکٹرز بانی کی میڈیکل ہسٹری سے آگاہ ہیں۔

بانئ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے درخواست میں کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ان کی فیملی کو تشویش ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے بانئ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانئ پی ٹی آئی بالکل ٹھیک ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ آنکھوں کے ماہرین نے بانئ پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں معائنہ کیا تھا، ڈاکٹرز نے تجویز کیا تھا کہ بانئ پی ٹی آئی کو معمولی طبی کارروائی کے لیے پمز لے جانا ضروری ہے۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کی رات آنکھوں کے ماہرین کی رائے کے بعد بانئ پی ٹی آئی کو پمز اسپتال لے جایا گیا، 20 منٹ کے معائنے کے بعد ان کو واپس روانہ کر دیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا تھا کہ پمز میں بانئ پی ٹی آئی کی آنکھوں کا معائنہ ہوا، دورانِ طبی معائنہ وہ مکمل صحت مند تھے۔

قومی خبریں سے مزید