دنیا کے مقبول ترین ٹک ٹاک اسٹار خابی لامے نے اپنی کمپنی ’اسٹیپ ڈسٹنکٹیو لمیٹڈ‘ تقریباً 975 ملین ڈالرز میں فروخت کر دی، یہ کمپنی ان کے عالمی برانڈ اور تجارتی سرگرمیوں کو سنبھالتی تھی۔
غیر ملکی میڈیا ’بلومبرگ ڈاٹ کام‘ کی رپورٹ کے مطابق خابی لامے کی کمپنی ہانگ کانگ کی پبلک لسٹڈ ہولڈنگ کمپنی رِچ اسپارکل نے خریدی ہے۔
معاہدے کے تحت چین کی لائیو اسٹریمنگ اور ای کامرس کمپنی انہوئی ژیاؤہیانگ نیٹ ورک ٹیکنالوجی اگلے 36 ماہ تک خابی لامے کے عالمی کمرشل منصوبوں کی خصوصی آپریٹنگ پارٹنر ہو گی۔
کمپنی کے بیان کے مطابق خابی لامے کے مداحوں کی بنیاد پر سالانہ 4 ارب ڈالرز سے زائد کی فروخت متوقع ہے جس کا مرکز امریکا، مشرقِ وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیاء ہوں گے۔
معاہدے کے تحت خابی لامے نے اپنی فیس آئی ڈی، وائس آئی ڈی اور اشاروں پر مبنی ڈیٹا کو بھی AI ڈیجیٹل ٹوئن بنانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ مختلف زبانوں میں سوشل میڈیا مواد تیار کیا جا سکے۔
سینیگال نژاد اطالوی خابی لامے کے ٹک ٹاک پر تقریباً 161 ملین اور انسٹاگرام پر 77 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں۔
وہ بغیر بولے، سادہ اور مزاحیہ انداز میں پیچیدہ لائف ہیکس کا مذاق اڑانے کے لیے مشہور ہیں۔
خابی لامے نے کوویڈ کے دوران فیکٹری کی نوکری ختم ہونے کے بعد یہ منفرد مواد بنانا شروع کیا تھا، وہ دنیا کے بڑے برانڈز کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ خابی لامے گزشتہ سال امریکا میں ویزے کی مدت ختم ہونے کے سبب سوشل میڈیا پر خوب زیرِ بحث رہے تھے جس کے بعد اُنہوں نے رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑ دیا تھا۔