• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: بھاٹی گیٹ سیورج لائن واقعے میں نامزد تینوں ملزمان گرفتار، پولیس

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں ماں اور بیٹی کے سیورج لائن میں گرنے کے واقعے میں پولیس نے مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں پروجیکٹ مینجر اصغر سندھو، سیفٹی انچارج دانیال، سائیٹ انچارج احمد نواز شامل ہیں۔ 

پولیس کے مطابق متوفیہ کے والد ساجد حسین کے بیان پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ حادثاتی موت کی دفعہ 322 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مین ہول کھلا چھوڑ کر غفلت اور لاپرواہی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھاٹی گیٹ علاقے میں ماں اپنی بیٹی سمیت سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہوگئی تھی۔ انتظامیہ نے ابتداء میں واقعے کو دبانے اور میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور ماں، بچی کے گرنے کی اطلاع کو جعلی قرار دیا۔

انتظامیہ کا موقف تھا کہ ایسا کوئی حادثہ پیش ہی نہیں آیا، تکنیکی طور پر اس ہول میں کسی انسان کا ڈوبنا ممکن ہی نہیں۔

دوسری جانب پولیس نے بھی ابتدائی تفتیش میں واقعے کو میاں بیوی کے جھگڑے کا رنگ دینے کی کوشش کی، شوہر کا بیوی کے ساتھ تنازع اور سنگین الزامات کی رپورٹ بنا دی۔

شک کی بنیاد پر شوہر سمیت 3 افراد کو حراست میں بھی لیا بعد میں کہا کہ کسی کو حراست میں نہیں لیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے پروجیکٹ ڈائریکٹر، مینجر اور کنسلٹنٹ کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید