کراچی چیمبر کے سابق صدر جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بیمار کا حال پوچھا ہے، ان کا شکریہ، فائنل ٹیکس رجیم والوں پر سپر ٹیکس لگانا سمجھ سے بالا تر ہے۔
ایک بیان میں جاوید بلوانی نے کہا کہ حکومت نے سپر ٹیکس کے 300 ارب روپے کے ٹیکے کے بعد میٹھی گولی کھلائی ہے، وزیراعظم کہتے ہیں کہ ان کے ہاتھ بندھے ہیں، صنعت کا تو جسم جکڑ لیا گیا ہے، فائنل ٹیکس رجیم والوں پر سپر ٹیکس لگانا سمجھ سے بالا تر ہے۔
سابق صدر کراچی چیمبر نے مزید کہا کہ جرمنی کی ھیم ٹیکسٹائل نمائش سے اچھی خبریں نہیں ہیں، یورپی یونین بھارت معاہدے پر عمل درآمد 2027ء میں ہے، لیکن اس پر کام شروع ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی خریداروں کو ہمارے مال سے نہیں وقت پر ڈلیوری نہ دینے کی شکایات ہیں، یورپی خریدار 1 سال میں 3 مرتبہ ہڑتالوں کے باعث لیٹ شپمنٹس کا شکوہ کر رہے ہیں، اندازے ہیں کہ یہ سال ہوم ٹیکسٹائل کے لیے بہت مشکل سال ہوگا۔