امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری کی گئی نئی ایپسٹین فائلز میں نیویارک کے میئر زہران ممدانی کی والدہ معروف فلم ساز میرا نائر کا نام ایک ای میل میں سامنے آیا ہے جس میں 2009ء میں ان کی فلم کی آفٹر پارٹی کا حوالہ دیا گیا ہے۔
امریکی محکمۂ انصاف نے گزشتہ روز جیفری ایپسٹین سے متعلق 30 لاکھ سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزات، 2 ہزار ویڈیوز اور تقریباً 1 لاکھ 80 ہزار تصاویر جاری کی ہیں۔
ان دستاویزات میں 21 اکتوبر 2009ء کی ایک ای میل بھی شامل ہے جو امریکی پبلسِسٹ (مواد یا افراد کی تشہیر کرنے والی شخصیت) پیگی سیگل نے جیفری ایپسٹین کو بھیجی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیگی سیگل کی ای میل کے مطابق فلم ’امیلیا‘ کی آفٹر پارٹی غسلیئن میکسویل نیویارک میں واقع ٹاؤن ہاؤس میں ہوئی تھی جہاں ہدایت کارہ میرا نائر بھی موجود تھیں۔
ای میل میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور ایمازون کے سی ای او جیف بیزوس کی شرکت کا بھی ذکر موجود ہے۔
پیگی سیگل نے ای میل میں لکھا ہے کہ فلم پر مہمانوں کا ردِعمل ’ٹھنڈا‘ رہا تاہم خواتین ناظرین نے فلم کو زیادہ پسند کیا۔
واضح رہے کہ میرا نائر نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی کی والدہ ہیں۔
دستاویزات میں ان پر کسی قسم کے الزام کی تفصیل شامل نہیں ہے تاہم ای میل میں صرف تقریب میں موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری کی گئی نئی ایپسٹین فائلز میں ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کا نام بھی سامنے آیا ہے، دستاویز میں 2012ء کی ای میلز میں ایپسٹین اور مسک کے درمیان نجی رابطے کا حوالہ موجود ہے۔