امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنف مائیکل وولف اور جنسی جرائم میں ملوث جیفری ایپسٹن کی اسٹیٹ کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے قانونی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں جاری کی گئی ایپسٹن سے متعلق دستاویزات میری بے گناہی کا ثبوت ہیں۔
فلوریڈا جاتے ہوئے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے محکمۂ انصاف کی جانب سے جمعے کو جاری کی گئی ایپسٹن سے متعلق 30 لاکھ سے زائد ریکارڈز اور ذاتی ای میلز پر ردِعمل دیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مائیکل وولف ہی وہ شخص تھا جو ایپسٹن کے ساتھ مل کر مجھے نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے خود یہ سب نہیں دیکھا، لیکن مجھے انتہائی اہم شخصیات نے بتایا ہے کہ یہ دستاویزات ناصرف مجھے بے گناہ ثابت کرتی ہیں بلکہ اس کے بر عکس ہیں، جیسا کہ بائیں بازو کی شخصیات امید کر رہی تھیں۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مائیکل وولف ایک تیسرے درجے کا لکھاری ہے، وہ جیفری ایپسٹن کے ساتھ مل کر مجھے سیاسی یا کسی اور انداز میں نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا اور یہ بات اب بالکل واضح ہو گئی ہے۔
انہوں نے اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا ہے کہ وہ مائیکل وولف اور ایپسٹن کی اسٹیٹ کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے۔