کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے چیئرمین شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر روز نہتے کشمیری بھارتی افواج کی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں، عالمی ادارے اس پر خاموش کیوں ہیں؟
انہوں نے کہا ہے کہ اب تو مقبوضہ کشمیر میں مساجد کے ذمے داران پر ظلم شروع کر دیا گیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
شاہد مجید نے ٹوکیو سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 لاکھ بھارتی افواج ظلم و ستم کر کے بھی کشمیریوں کا جذبۂ آزادی سرد نہیں کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اس سال بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے 5 فروری کو پورے پاکستان سمیت اور دنیا بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، ٹوکیو میں بھارتی ایمبیسی اور اقوامِ متحدہ میں یادداشت جمع کروائی جائے گی اور دنیا بھر میں پُرامن مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیری عوام اب آزادی حاصل کرنے کے قریب ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے یاسین ملک سمیت مقبوضہ کشمیر میں قید کشمیری رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔