• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھائی لینڈ: جنگلی ہاتھی کے حملے سے سیاح ہلاک، ہاتھی کی سزا کا فیصلہ جمعے کو ہوگا: پارک حکام

—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

وسطی تھائی لینڈ کے کھاؤ یائی نیشنل پارک میں پیر کے روز ایک جنگلی ہاتھی نے ایک سیاح پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں سیاح ہلاک ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پارک حکام نے کہا کہ اس سے قبل بھی 2 سیاحوں کو اسی ہاتھی نے حملہ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

نیشنل پارک کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ روز ہلاک ہونے والے 65 سالہ تھائی سیاح کا تعلق لوپ بوری صوبے سے تھا۔ وہ صبح کے وقت اپنی اہلیہ کے ہمراہ سیر کے لیے نکلے تھے کہ اس دوران ہاتھی نے انہیں کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ پارک اہلکار نے ہاتھی کو ڈرا کر جب وہاں سے بھگایا تو اسی دوران متوفی کی اہلیہ خوش قسمتی سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئیں۔

پارک کے چیف نے کہا کہ یہ تیسرا حادثہ ہے جس میں ہاتھی کے ہاتھوں کسی انسان کی جان گئی ہے جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ہاتھی ماضی میں پیش آنے والی چند دیگر غیر حل شدہ ہلاکتوں میں بھی ملوث ہو سکتا ہے۔

حکام کے مطابق جمعے کے روز ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں اس ہاتھی کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید