• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم نے تاریخ بنا دی، چوہدری نثار سے ناراض اپوزیشن کو خود منا لائے

اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیر اعظم نوا زشریف کی بیرون ملک اوپن ہارٹ سرجری کے بعد بدھ کو پہلی مرتبہ قومی اسمبلی میں آمد ‘ حکومتی وزراء اور ارکان کا اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر اور ڈیسک بجا کر و زیر اعظم کا پر جوش خیر مقدم ‘ وزیر اعظم کا اپنی نشست پر جانے سے قبل قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے مصافحہ ‘چوہدری نثار کے بیان سے ناراض ہوکر واک آؤٹ کرنے والے اپوزیشن ارکان کو روایت سے ہٹ کر خو منا کر ایوان میں واپس لائےاور نئی پارلیمانی تاریخ رقم کردی۔تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم نے بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اور مصروف وقت گزارا‘ وہ روایت سے ہٹ کر واک آؤٹ کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کو خود جاکر منا کر ایوان میں واپس لائے‘ وزیراعظم بدھ کو وقفہ سوالات کے فوری بعد ایوان میں آئے جہاں انہوں نے کوئٹہ کے واقعہ پر پالیسی بیان دیا جبکہ وزیر داخلہ کے بیان کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے واک آؤٹ کیا تو وزیراعظم اپنے وزراءکے ہمراہ خود اپوزیشن کی لابی میں گئے اور انہیں منا کر واپس لائے۔ جس کا اراکین نے بھرپور خیر مقدم کیا‘ایوان میں موجودگی کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی بڑی تعداد نے وزیراعظم سے ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعظم کی آمد کے چند منٹ کے اندر ہی سپیکر ایاز صادق نے و زیر اعظم کو پالیسی بیان کیلئے دعوت دی تاہم وزیر اعظم نے خلاف معمول مختصر تقریر کی اور فی البدیہ خطاب کی بجائے لکھی ہوئی تقریر تک محدود رہے۔
تازہ ترین