ایشیاء کپ 2025ء میں پاکستانی ٹیم سے مصافحہ نہ کرنے والے بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو کا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے بائیکاٹ پر ردِعمل سامنے آ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز سوریہ کمار یادیو نے گزشتہ روز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ممبئی میں ٹیموں کے کپتانوں کی میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستان کے بھارت سے کھیلنے سے انکار پر اپنا مؤقف پیش کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے گروپ اسٹیج میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
سوریہ کمار یادیو نے کہا کہ میچ ہو یا نہ ہو بھارتی ٹیم کولمبو ضرور جائے گی، ہم نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار نہیں کیا بلکہ انکار ان کی جانب سے آیا ہے۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ آئی سی سی نے شیڈول بنایا پھر بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت نے آئی سی سی کے ساتھ مشاورت سے نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا فیصلہ کیا، کولمبو کے لیے ہماری فلائٹ بک ہے اور ہم وہاں جا رہے ہیں آگے کیا ہوتا ہے بعد میں دیکھیں گے۔
پاکستان کے خلاف میچ سے متعلق ٹیم کے ماحول پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی پلاننگ بالکل واضح ہے، پہلے 7 فروری کا میچ، پھر 12 فروری کو نمیبیا سے اور اس کے بعد کولمبو روانگی۔
سوریا کمار نے موجودہ صورتحال پر اظہارِ خیال پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ میرے اختیار میں نہیں، اگر ہمیں 15 فروری کو کھیلنے کے لیے کہا گیا تو ہم ضرور کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں شرکت کا اعلان کیا ہے تاہم 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز ایک بار پھر اس مؤقف کی توثیق کی، جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ٹیم حکومتی ہدایات پر عمل کرے گی۔