• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویانا: عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے، سفیر پاکستان

فوٹو: PakinAustria@
فوٹو: PakinAustria@

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں میں پاکستان کے سفارتخانے اور مستقل مشن کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

سفیر پاکستان کامران اختر ملک کی سربراہی میں منعقدہ تقریب میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

تقریب کا آغاز منظور بٹ کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور تھرڈ سیکریٹری سیدہ مبشرہ عروج نے مہمانوں کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں قومی ترانہ کے بعد حاضرین کو کشمیری عوام پر جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی اور ظلم و ستم پر بنی ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔

تقریب میں صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستان کے سفیر اور مستقل نمائندے محمد کامران اختر ملک نے پیغامات پڑھتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدو جہد میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔ 

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کا سالانہ انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے جو گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہے بلکہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے، سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور اقوامِ متحدہ و عالمی انسانی حقوق کے مبصرین کو بلا روک ٹوک رسائی دے تاکہ کشمیری عوام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ 

تقریب میں آسٹریا اور سلوواکیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

تقریب میں شریک مقررین پروفیسر ملک مسرت شوکت اعوان اور دیگر شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کے خلاف جاری جبر و تشدد کی شدید مذمت کی اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کا مطالبہ کیا۔ 

تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے بھرپور آواز بلند کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید