• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارم 47 کی پیداوار حکمرانوں نے ملک کو تجربہ گاہ بنا دیا، جاوید قصوری

لاہور(نمائندہ خصو صی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فارم 47 کی پیداوار حکمرانوں نے ملک کو تجربہ گاہ بنا رکھا ہے۔8 فروری کے متنازعہ انتخابات کے بعد ملک و قوم پر فارم 47 کے ذریعے نااہل اور غیر نمائندہ حکمرانوں کو مسلط کیا گیا، جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے، اسی لیے اس کی پالیسیوں میں عوامی مفاد نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ ملک کو معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر بدترین بحرانوں میں دھکیل دیا گیا ہے اور حکمران اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے میں مصروف ہیں۔ادارے اونے پونے فروخت کر رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس نہ کوئی معاشی وژن ہے اور نہ ہی عوام کو ریلیف دینے کا کوئی جامع منصوبہ۔ آئی ایم ایف کی غلامی میں دی جانے والی شرائط نے ملک کی خودمختاری کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ بجلی، گیس، پیٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام کا جینا محال بنا دیا گیا ہے۔ چھوٹا تاجر، مزدور، کسان اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ اس نااہل حکمرانی کا شکار ہو رہے ہیں۔ معیشت کو سنبھالنے کے بجائے سیاسی انتقام، جھوٹے مقدمات اور مخالفین کو دبانے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ حقیقی جمہوریت کے بغیر نہ معیشت بہتر ہو سکتی ہے اور نہ ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ سودی نظام سے نجات حاصل کی جائے، غیر ضروری اخراجات ختم کیے جائیں، کرپشن کا خاتمہ کیا جائے اور قومی دولت کو عوام کی فلاح پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں دیانتدار اور باصلاحیت قیادت کے ذریعے حقیقی تبدیلی لانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ قوم کو ایسے حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی جو صرف ذاتی مفادات کے لیے اقتدار میں آئے ہیں۔ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اسلامی اور عوام دوست معاشی نظام کا نفاذ ناگزیر ہو چکا ہے۔
لاہور سے مزید