سعودی عرب میں ورلڈ ڈیفنس شو 2026ء میں پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری اور سپر مشاق طیارے پیش کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا دستہ سعودی عرب میں منعقدہ ورلڈ ڈیفنس شو 2026ء میں شریک ہے۔
نمائش میں جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری جدید ملٹی رول طیارہ پیش کیا گیا، جبکہ انتہائی کامیاب سپر مشاق بنیادی تربیتی طیارہ بھی نمائش کا حصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ورلڈ ڈیفنس شو 2026ء دفاع اور سلامتی کا نمایاں عالمی پلیٹ فارم ہے، جہاں دنیا بھر کی جدید دفاعی ٹیکنالوجی پیش کی جاتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ڈی ایس 2026ء میں شرکت پاکستان کی ایرو اسپیس صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے اور پاک فضائیہ کی شرکت آپریشنل مہارت اور قابلِ اعتماد دفاعی حل کی عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ شرکت پاکستان کو ابھرتے ہوئے فضائی ٹیکنالوجی مرکز کے طور پر مستحکم کرتی ہے اور تیزی سے ترقی کرتی مقامی ایرو اسپیس صلاحیتوں کے عزم کو ظاہر کرتی ہے، یہ شمولیت پاکستان ایئر فورس کی ثابت شدہ آپریشنل مہارت کو مزید نمایاں کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جے ایف 17 بلاک تھری پاکستان کی جنگی ہوا بازی ٹیکنالوجی کا عروج ہے، جس میں جدید ایویونکس، اے ای ایس اے ریڈار اور برتر الیکٹرانک وار فیئر صلاحیتیں شامل ہیں، یہ طیارہ جدید فضائی افواج کی ضروریات پوری کرنے والا 4.5 جنریشن لڑاکا طیارہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپر مشاق تربیتی طیارہ تربیت کے میدان میں پاکستان کی مضبوط صلاحیتوں کو نمایاں کرتا ہے اور یہ اپنی قابلِ اعتماد، کم لاگت اور آسان دیکھ بھال کی خصوصیات کے لیے مشہور ہے۔