راولپنڈی (حافظ وسیم اختر)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ ‘5رکنی ڈاکٹرزکی ٹیم نے ایک گھنٹہ تک مختلف ٹیسٹ لئے جس کی رپورٹ آج سپریم کورٹ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے جبکہ طبی معائنے اور علاج کا مکمل ریکارڈ محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کر دیا گیا‘میڈیکل ٹیم پی ٹی آئی قیادت اور فیملی ممبرزکا تقریباًڈیڑھ گھنٹے تک انتظار کرتی رہی لیکن پی ٹی آئی کاکوئی رہنما یا بانی کی فیملی کا ممبر جیل نہیں پہنچاجس پرچار بجے عمران خان کی اجازت کے بعد موبائل لیب کے ذریعے ان کا میڈیکل چیک اپ شروع کیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میںڈاکٹرز کی پانچ رکنی ٹیم نے عمران خان کاتفصیلی میڈیکل چیک اپ کیا‘اتوار کی دوپہر2بجےکے قریب ڈاکٹرزکی ٹیم پیرا میڈیکل اسٹاف کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچی ‘اس سے قبل ایک ایمبولینس اڈیالہ جیل پہنچی جس میں مختلف طبی آلات ‘لیب کی سہولیات اور ادویات لائی گئیں‘اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ ساجد بیگ کے مطابق مختلف ہسپتالوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھوں کاتفصیلی معائنہ کیا‘میڈیکل ٹیم مختلف طبی آلات اور ادویات ساتھ لے کر آئی تھی‘ اس موقع پرسکیورٹی کےفول پروف انتظامات کئے گئے تھے‘جیل سپرنٹنڈنٹ کاکہناتھا کہ معائنے کے بعد میڈیکل ٹیم جلد اپنی رپورٹ مرتب کرے گی‘ ذرائع کاکہنا ہے کہ کہ حکومت نے پی ٹی آئی کی قیادت اور فیملی کو آفر کی تھی کہ وہ جیل میں اپنا نمائندہ بھیجیں جس کی موجودگی میں عمران خان کی آنکھوں کا معائنہ کیا جائے‘اس سلسلے میں 2نام مانگے گئے تھے اور لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے تک انتظار کیا گیا لیکن پی ٹی آئی کاکوئی رہنما یا بانی کی فیملی کارکن جیل نہیں پہنچا۔ ذرائع کاکہنا ہے چیک اپ کرنے والے ڈاکٹروں میں ڈاکٹر رفاق، ڈاکٹر سکندر، ڈاکٹر عار ف‘ڈاکٹر ندیم قریشی اورڈاکٹر امجد شامل تھے جنہوں نے لیب ٹیکنیشن کے ہمراہ ایک گھنٹے تک سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کیا‘اس دوران موبائل میڈیکل لیب میں مختلف ٹیسٹ کئے گئے‘ذرائع کاکہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم اپنی مفصل رپورٹ مکمل کرکے حکومت کے حوالے کر ے گی جو سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی‘میڈیکل ٹیم چیک اپ کرنے کے بعد پانچ بجے کے واپس روانہ ہوگئی۔