اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے سانحہ ترلائی کلاں کے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کی بحالی کیلئےاعلان کردہ امدادی پیکیج پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن سید ذیشان علی نقوی نے اسسٹنٹ کمشنر یاسر نذیر کے ہمراہ اتوار کو سانحہ ترلائی کے شہداء کے گھر جاکرلواحقین میں پچاس ،پچاس لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران تمام شہداء کے لواحقین اور زخمیوں میں امدادی چیک تقسیم کرنے کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ ترلائی کلاں کے شہداء کے لواحقین کیلئے پچاس لاکھ، شدید زخمیوں کیلئے 30لاکھ اور معمولی زخمیوں کے لیے 10لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔سانحہ ترلائی کلاں کے شہداء کے لواحقین اوردیگر متاثرہ خاندانوں نے وزیراعظم شہباز شریف،وزیر داخلہ سید محسن نقوی اوروفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔