اسلام آباد (قاسم عباسی) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی ٹیم کے جاری دورہ آسٹریلیا کے دوران مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی باضابطہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ یہ حکم روزنامہ دی نیوز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو جاری کردہ فنڈز کے استعمال میں تضادات کی نشاندہی کی گئی تھی۔ وفاقی کابینہ کے ایک اعلیٰ سرکاری ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ یہ ایکشن ان تفصیلات کے سامنے آنے کے بعد لیا گیا جن کے مطابق ٹیم کی رہائش اور یومیہ الاؤنسز کے لیے پیشگی ادائیگیاں جاری کی گئی تھیں، مگر بعد ازاں یہ الزامات سامنے آئے کہ ٹیم کو وہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جن کے لیے فنڈز باضابطہ طور پر طلب اور جاری کیے گئے تھے۔ کابینہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ حقائق جاننے، ذمہ داری کا تعین کرنے اور مناسب کارروائی کی سفارش کے لیے ایک شفاف انکوائری کریں۔ اگر مالی بدانتظامی یا انتظامی غفلت ثابت ہوتی ہے، تو اس کی بنیاد پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ احتساب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور قومی کھلاڑیوں کے وقار اور پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔