• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نے ایران کیخلاف ’مدر آف آل بمز‘ استعمال کیا تو ’فادر آف آل میزائلز‘ سے جواب دینگے: ایرانی پارلیمانی ڈپٹی اسپیکر

ایرانی پارلیمانی ڈپٹی اسپیکر حمید رضا حاجی بابائی—فائل فوٹو
ایرانی پارلیمانی ڈپٹی اسپیکر حمید رضا حاجی بابائی—فائل فوٹو

ایرانی پارلیمانی ڈپٹی اسپیکر حمید رضا حاجی بابائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف اپنا طاقت ور ترین بم ’مدر آف آل بمز‘ استعمال کیا تو تہران ’فادر آف آل میزائلز‘ سے جواب دے گا۔

حال ہی میں ایران کے پارلیمانی ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ ہم نے امریکی بموں کی تمام اقسام کو مدِنظر رکھا ہے اور ان سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس منصوبہ موجود ہے، اگر وہ ’مدر آف آل بمز‘ بھیجنا چاہتے ہیں تو ہم بھی ’تمام میزائلوں کے باپ‘ (فادر آف آل میزائلز) سے جواب دیں گے۔

دوسری جانب ایران کے نو تعینات وزیرِ دفاع مہرداد اخلاقی کتابچی نے بھی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تہران اس ہتھیار کے ممکنہ استعمال پر مشتمل امریکی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

اتوار کو دیا گیا حمید رضا حاجی بابائی کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس سے قبل دیے گئے بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے ایران کے خلاف ’مدر آف آل بمز‘ (تمام بموں کی ماں) استعمال کرنے کی بات کی تھی۔

ادھر بدھ کے روز ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے فادر آف آل بمز متعارف کرانے کی تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی کا کہنا ہے کہ ایران اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کے لیے ایک نئے ہتھیار کی رونمائی کی تیاری کر رہا ہے، جسے ’فادر آف آل بمز‘ (تمام بموں کا باپ) کا نام دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس ہتھیار کی تکنیکی خصوصیات، تباہ کن صلاحیت یا دیگر تفصیلات کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید