اسلام آباد ( طاہر خلیل ) وسیع البنیاد قومی احتساب بیورو (نیب) نے سال 2025 کی اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی،ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل احتشام قادر شاہ، ڈائریکٹر جنرل امجد مجید اولکھ نے نیب کی کارکرگی میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئےکہا کہ موجودہ چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد کی قیادت میں نیب نے 6213 ارب روپے (62 کھرب 13 ارب روپئے) کی ریکارڈ ریکوری کی جو کہ 1999 میں بیورو کے قیام سے اب تک کی سب سے بڑی سالانہ رقم ہے، نیب اس وقت ملک بھر میں 179 میگا کرپشن کیسز کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے جبکہ 362 کرپشن کیسز انکوائری پر وسیس میں ہیں،گزشتہ تین سالوں میں نیب کی براہ راست اور بالواسطہ مجموعی ریکوری 11524 ارب ( 115 کھرب 24 ارب) روپے یعنی تقریباً 41 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جس میں سے نصف سے زائد رقم صرف سال 2025 میں حاصل کی گئی،یہ کارکردگی گزشتہ 23 سالوں کی مجموعی ریکوری سے13گنا زیادہ ہے،اس کامیابی میں سب سے اہم حصہ 29لاکھ 80ہزار ایکڑ غصب شدہ سرکاری اور جنگلاتی اراضی کی واپسی ہے جس کی مالیت تقریباً 59 کھرب 80 ارب (5980ارب) روپے ہے۔ علاقائی سطح پر نیب سکھر نے 3730 ارب ( 37 کھرب 30 ارب) روپے مالیت کی 16 لاکھ 30 ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرائی جبکہ نیب بلوچستان نے 13 کھرب 74 ارب ( 1374 ارب ) روپے مالیت کی 10 لاکھ ایکڑ اور نیب ملتان نے 653.97 ارب روپے مالیت کی 3 لاکھ ایکڑ سے زائد زمین واگزار کرائی۔