عورت محض تاریخ کا ایک باب نہیں، وہ مستقبل کی سمت متعین کرنے والی قوت ہے۔ آج کے اس ڈیجیٹل، تیز رفتار اور انتشار زدہ عہد میںجہاں عورت کی شناخت کبھی اس کی ظاہری پیشکش میں گم ہو جاتی ہے اور کبھی آزادی کے نام پر اس کی فطرت سے سودا کیا جاتا ہے،اسلام ایک ایسا فخریہ، متوازن اور انسان دوست بیانیہ پیش کرتا ہے جو عورت کو اس کے وقار، مقصد اور اختیار کے ساتھ زندگی کے مرکز میں لا کھڑا کرتاہے۔آج جب نوجوان نسل شناخت کے بحران، ڈیجیٹل دباؤ اور فوری تسکین کے جال میں گھری ہوئی ہے، ہمیں ایک ایسی جدید، باشعور اور باوقار نسوانیت کی ضرورت ہے جو ایمان سے جڑی ہو، علم سے مسلح ہو اور سماجی ذمہ داری سے ہم آہنگ ہو۔ پاکستان کی خواتین، بالخصوص نوجوان لڑکیاں، ملک کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ ہیں اور 2026ءمیں وہ تعلیمی، سماجی، معاشی، ڈیجیٹل اور اخلاقی وسائل کی صورت میں ایک عظیم قومی طاقت بن سکتی ہیں، بشرطیکہ انہیں اسلامی اقدار، آئینی حقوق اور قومی ترجیحات کے مطابق مواقع فراہم کیے جائیں۔ موجودہ نظام میں خواتین کو یا تو محض نمائشی نعروں کا حصہ بنایا جا رہا ہے یا مغربی ماڈلز کی اندھی تقلید کے ذریعے ان کی شناخت، وقار اور خاندانی کردار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جس سے نہ عورت محفوظ ہو سکی اور نہ معاشرہ مضبوط۔ حالیہ عرصے میں عالمی سطح پر سامنے آنے والی ایپسٹین فائلز نے بین الاقوامی ضمیر کو ایک سنجیدہ اخلاقی اور قانونی سوال سے دوچار کر دیا ہے۔ یہ انکشافات اس امر کی واضح نشاندہی کرتے ہیں کہ جب طاقت، دولت اور سیاسی اثر و رسوخ قانون پر حاوی ہو جائیں تو عورتوں اور بچوں جیسے کمزور طبقات کس طرح منظم استحصال کا شکار بنتے ہیںاور عالمی نظامِ انصاف کی ساکھ شدید متاثر ہوتی ہے۔ ہم خواتین اس صورتحال کو محض ایک فرد یا واقعے تک محدود نہیں سمجھتیں بلکہ اسے ایک عالمی ناکامی قرار دیتی ہیں۔ایسی ناکامی جو انسانی وقار، بچوں کے حقوق اور خواتین کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی معاہدات اور اصولوں کی روح کے منافی ہے۔ہم اس امر پر زور دیتی ہیں کہ عورت اور بچوں کا تحفظ ریاستوں کی داخلی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ایک بین الاقوامی قانونی و اخلاقی فریضہ ہے۔ انسانی اسمگلنگ، جنسی استحصال اور منظم جرائم کے خلاف عالمی قوانین کے مؤثر نفاذ، سرحد پار تعاون، شفاف تحقیقات اور طاقتور ملزمان کے بلا امتیازاحتساب کے بغیر انصاف کا دعویٰ ادھورا رہے گا۔ ہم واضح طور پر اس اصولی موقف کا اعادہ کرتی ہیں کہ عورت اور بچے کا وقار ناقابلِ سمجھوتہ ہے، اور اس کے تحفظ کے بغیر نہ عالمی انصاف معتبر ہو سکتا ہے اور نہ ہی کوئی ریاست یا عالمی نظام خود کو مہذب کہلوانے کا حق رکھتا ہے۔ موجودہ عالمی نظام بالخصوص مغربی تہذیب، دراصل عورت کو تحفظ نہیں بلکہ استحصال، تجارت اور طاقتور طبقات کی ہوس کا ایندھن بناتی ہے۔ یہ تہذیب انسانی وقار، اخلاقی حدود اور خاندانی نظام کو پامال کر کے خواتین کو عدمِ تحفظ، ذہنی انتشار اور سماجی بے توقیری کی طرف دھکیل رہی ہے۔اسلام واحد دین ہے جو عورت کو محض نعروں یا قانونی کاغذوں میں نہیں بلکہ عملی، معاشرتی، اخلاقی اور قانونی سطح پر مکمل تحفظ، عزت اور انصاف فراہم کرتا ہے۔ اسلام نے عورت کو ماں، بیٹی، بہن اور بیوی ہر حیثیت میں حقوق دیے، اس کی عصمت، رائے، تعلیم، وراثت اور کردار کی ضمانت دی اور مرد کو اس کا محافظ و ذمہ دار ٹھہرایا۔
عورت کا مقام محض سماجی رعایت نہیں بلکہ آئینی، اخلاقی اور تہذیبی ذمہ داری ہے۔ آج کے ڈیجیٹل اور تیز رفتار دور میں، جہاں عورت کو ایک طرف شناخت کے بحران اور دوسری جانب استحصال کی نئی صورتوں کا سامنا ہے، یہ ناگزیر ہو چکا ہے کہ ریاست اور معاشرہ مل کر عورت کے وقار، تحفظ اور اختیار کو قومی ترجیح بنائیں۔ریاست کو اس یومِ خواتین پر درج ذیل اقدامات کرنے چاہئیں۔
عورت کی جان، مال، عزت اور وقار کے تحفظ کو ریاستی ذمہ داری کے طور پر مؤثر قانون سازی اور فوری و شفاف انصاف کے نظام کے ذریعے یقینی بنایا جائے۔ آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ، ڈیپ فیک ٹیکنالوجی اور کردار کشی کے تدارک کیلئے جدید قوانین، خصوصی سائبر یونٹس اور سخت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ سوشل میڈیا اور AI کے دور میں نوجوان نسل بالخصوص نوجوان لڑکیاں شدید فکری انتشار، اخلاقی دباؤ اور شناختی بحران کا شکار ہیں۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر آزادی کے نام پر فحاشی، جسمانی نمائش، ذہنی استحصال اور ڈیٹا کے ناجائز استعمال نے نئی نسل کو عدمِ تحفظ کی طرف دھکیل دیا ہے۔ وہ جدید ٹیکنالوجی، AI ٹولز اور ڈیجیٹل ذرائع کو اسلامی اقدار، فکری رہنمائی اور مثبت کردار سازی کیلئے استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کے دل و دماغ تک رسائی حاصل کرے، تاکہ وہ مغربی بیانیے کے بجائے ایک باوقار، مقصدی اور اخلاقی زندگی کا انتخاب کر سکیں۔ لڑکیوں کو معیاری تعلیم، ڈیجیٹل اسکلز، تحقیق اور باوقار روزگار تک مساوی رسائی فراہم کی جائے تاکہ عورت معاشی خود کفالت کے ساتھ قومی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکے۔خاندان کو پالیسی سازی کی بنیاد تسلیم کرتے ہوئے ماں کے کردار، گھریلو ذمہ داریوں اور خاندانی استحکام کو معاشی و سماجی سطح پر قدر دی جائے۔تعلیم، بلدیاتی اداروں، پارلیمان اور پالیسی فورمز میں خواتین کی بامقصد اور باوقار نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔ خواتین سے متعلق پالیسی سازی میں نظریاتی و سماجی تنظیموں، خصوصاً دینی و اصلاحی اداروں کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔میڈیا، اشتہارات اور تعلیمی نصاب میں عورت کو بطور شے نہیں بلکہ باوقار شخصیت کے طور پر پیش کیا جائے۔ AI، ڈیجیٹل کانٹینٹ اور سوشل میڈیا پالیسیز میں خواتین کے تحفظ، ڈیٹا پرائیویسی اور آن لائن عزتِ نفس کیلئے واضح اور مؤثر ضوابط بنائے جائیں۔ضروری ہےکہ ان تمام اقدامات کیلئے واضح ٹائم لائن، بجٹ، ڈیٹا پر مبنی مانیٹرنگ اور سالانہ رپورٹنگ کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ یہ محض تحریر نہ رہے بلکہ عملی حقیقت بنے۔عورت کے وقار، تحفظ اور اختیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہم بطور مسلمان خواتین ایسی نسوانیت پر فخر کرتی ہیں جو ایمان سے جڑی، علم سے مسلح اور خاندان و معاشرے کے استحکام کی ضامن ہو۔ ہم یقین رکھتی ہیں کہ جب عورت محفوظ، باوقار اور باخبر ہوگی تو خاندان مضبوط، معاشرہ متوازن اور ریاست حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنے گی۔