وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کی بروقت مداخلت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔
امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریب سےخطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا کی تاریخ امید اور روشن خیالی کی داستان ہے، انسداد دہشت گردی، تجارت ، سرمایہ کاری کے شعبے میں بہترین تعلقات ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کا تعلق آٹھ دہائیوں پر محیط ہے، قیام پاکستان کے بعد امریکا ان اولین ملکوں میں شامل تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا۔ آئیے پاکستان اور امریکا کی طویل شراکت داری کو بھی منائیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کے سبز انقلاب میں مدد دی، ہزاروں پاکستانی گریجویٹ امریکا میں تربیت لے رہے ہیں، 10 لاکھ پاکستانی امریکا کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہیں، پاکستان کی لیبر فورس امریکا میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔