اداکار اور فلم ساز رتیش دیش مکھ نے ایک تقریب کی وائرل ویڈیو کے گرد گھومنے والے تنازع پر خاموشی توڑ دی۔
رتیش دیش مکھ کی نئی فلم کی کامیابی کے جشن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی، جس میں رتیش کو چھترپتی شیواجی مہاراج کی تصویر والی ٹی شرٹ پہنے رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
عوام کے شدید ردعمل کے بعد، رتیش نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی بیان شیئر کرتے ہوئے ویڈیو کے پیچھے کی حقیقت سے پردہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد شیواجی مہاراج کی بے ادبی کرنا ہرگز نہیں تھا اور وہ مرہٹہ حکمران کے لیے دل میں گہرا احترام اور عقیدت رکھتے ہیں۔
رتیش نے ان افواہوں کو بھی سختی سے مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ ویڈیو میں نشے کی حالت میں تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی شراب کو ہاتھ تک نہیں لگایا اور ان پر لگائے گئے تمام الزامات سراسر جھوٹے ہیں۔
رتیش دیش مکھ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھا کہ حالیہ ریلیز ہونے والی فلم 'راجا شیواجی' کو شائقین کی طرف سے ملنے والے بے پناہ ردعمل کا جشن منانے کے لیے ہماری پوری ٹیم نے ایک چھوٹی سی تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ اس حوالے سے میری ایک ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
میں اس معاملے پر وضاحت دینا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ میں عاجزی کے ساتھ یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ شیواجی مہاراج کی تصویر والی ٹی شرٹ پہن کر جشن مناتے ہوئے میرا ان کی توہین کا معمولی سا بھی ارادہ نہیں تھا۔ میں وہ ٹی شرٹ فلم کی تشہیر کے دوران استعمال کر رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ میں اس دن تشہیری مہم ختم کرنے کے بعد سیدھا تقریب میں پہنچا تھا، اس لیے میں ٹی شرٹ تبدیل کرنا بھول گیا۔ اگر میرے اس اقدام سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، تو میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔
رتیش دیش مکھ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'راجا شیواجی' یکم مئی کو ریلیز کی گئی تھی۔ فلم کی ڈائریکشن کے ساتھ ساتھ رتیش نے اس میں مرکزی کردار بھی نبھایا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں سنجے دت، ابھیشیک بچن، ودیا بالن، فردین خان، سچن کھیڈیکر، جتیندر جوشی اور امول گپتے سمیت کئی بڑے اداکار اہم کرداروں میں شامل ہیں۔