بارسلونا( نیوز ڈیسک)اسرائیلی ناکا بندی توڑنے کیلئے گلوبل صمود فلوٹیلا پھر غزہ کی جانب روانہ ہوگیا، غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والا تقریباً 40 کشتیوں پر مشتمل فلوٹیلا بارسلونا سے بدھ کو مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 11بجے کے قریب روانہ ہوا،اس قافلے میں مزید 20کشتیاں بھی شامل ہوں گی جنہوں نے 4 اپریل کو فرانس کی بندرگاہ مارسی سے روانگی اختیار کی تھی،24 اپریل کو اٹلی کے شہر سسلی کی سیراکوس بندرگاہ سے اس قافلے میں دیگر جہاز بھی شامل ہوجائیں گے۔منتظمین کے مطابق یہ فلوٹیلا جنوبی اٹلی میں ایک ہفتے قیام کرے گا جہاں شرکا کو عدم تشدد کی تربیت دی جائے گی۔منتظمین کا کہنا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں دنیا بھر سے فلسطین کے حامی سیکڑوں کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔