لندن (اے ایف پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے ساتھ تجارتی معاہدے سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی ہے، اس معاہدے سے برطانیہ پر امریکی ٹیرف کے اثرات محدود ہوئے ہیں، امریکی صدر نے ایک بار پھر ایران جنگ میں برطانیہ کی جانب سے تعاون کی کمی پر تنقید کی ہے۔اسکائی نیوز کے مطابق امریکی صدر نے بدھ کے روز بتایا "ہم نے انہیں ایک اچھا تجارتی معاہدہ دیا، جتنا مجھے دینا چاہیے تھا اس سے بہتر، جسے کسی بھی وقت تبدیل کیا جا سکتا ہے۔" یہ تبصرہ اسکائی نیوز کے امریکی رپورٹر مارک اسٹون کے ساتھ ایک فون انٹرویو میں سامنے آیا۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی پالیسیوں پر بارہا تنقید کرنے والے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے نیٹو اتحادی کے ساتھ تعلقات میں تناؤ اس ماہ کے آخر میں شاہ چارلس سوم کے امریکا کے سرکاری دورے کو "قطعی طور پر" منفی طور پر متاثر نہیں کرے گا۔لندن اور واشنگٹن نے گزشتہ سال ایک تجارتی معاہدہ کیا تھا جس کے تحت زیادہ تر برطانوی مصنوعات پر امریکی ٹیرف کو 10 فیصد پر روک دیا گیا تھا۔ بدلے میں، برطانیہ نے اپنی منڈیوں کو امریکی ایتھنول اور بیف کے لیے مزید کھولنے پر اتفاق کیا، جس نے ملک میں خدشات کو جنم دیا۔اس وقت، یہ لندن کے لیے ایک فائدہ مند معاہدہ تھا، جسے امریکہ کی جانب سے دی جانے والی سب سے کم ٹیرف کی رعایت حاصل ہوئی تھی۔