کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) اسپیشل سیکرٹری تعلیم عبدالسلام خان اچکزئی نے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے موقع پر 2 لاکھ 61 ہزارسے زائد بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس کے لئے تمام متعلقہ حکام اپنا کردار ادا کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے بتایا کہ آگاہی مہم کے دوران تحصیل و ضلعی سطح پر سیمینار، واک،ریلیاں، میٹنگز کے علاوہ کلسٹر سطح کی میٹنگیں بھی کی جائیں گی یہ مہم 16 اپریل تک بھر پور انداز میں جاری رہے گی سکولوں سے باہر جو بچے ہیں انہیں سکولوں میں لاکر تعلیم کے فروغ کو یقینی بنائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت نے تقریباً4 ہزار غیر فعال سکولوں کو فعال بناکر تعلیمی سرگرمیاں شروع کردی ہیں 13ہزار اساتذہ کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معیاری تعلیم کے فروغ کو یقینی بنایا جاسکے 300 غیر فعال اداروں کو فعال بنارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ضلعی سطح پر جو کمیٹیاں بنائی ہیں ان کا اختیار اب ڈپٹی کمشنرز کو دیا گیا ہےاساتذہ کو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے گا بھرتی کئے گئے اساتذہ کوکارکردگی کی بنیاد پر 18 ماہ بعد توسیع دی جائے گی ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بچوں کو یونیفارم، کتابیں، کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں اس کے علاوہ صوبہ بھر میں 3 ہزار سکولوں میں اضافی کمرے بنارہے ہیں۔