• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خودکار ٹیسلا گاڑی کو حادثہ، 76 سالہ خاتون ہلاک، ایلون مسک کی تردید

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹیسلا کی ایک خودکار ڈرائیونگ کار کے بے قابو ہونے اور ایک گھر سے جا ٹکرانے کے نتیجے میں 76 سالہ خاتون ہلاک ہو گئی۔

امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق 19 جون کو پیش آنے والے حادثے میں ٹیسلا ماڈل 3 سڑک سے نکل کر ایک رہائشی مکان میں جا گھسی، مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے بتایا ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی کا خودکار ڈرائیونگ نظام فعال تھا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ڈرائیور نشے کی حالت میں نہیں تھا، جو تحقیقات میں مکمل تعاون بھی کر رہا ہے۔

دوسری جانب ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی مکمل خودکار ڈرائیونگ موڈ میں نہیں تھی کیونکہ یہ نظام رہائشی علاقوں میں کم رفتار سے چلتا ہے جبکہ حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا۔

کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے شعبے کے نائب صدر اشوک ایلوسوامی نے بھی کہا ہے کہ ڈرائیور نے خود سے ایکسیلیٹر دبا کر ٹیسلا کار کے خودکار نظام کو نظر انداز کیا تھا جس کے باعث گاڑی کی رفتار 73 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس درجنوں واقعات سامنے آنے کے بعد امریکی ریگولیٹرز پہلے ہی ٹیسلا کے خودکار ڈرائیونگ نظام کا جائزہ لے رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال ٹیسلا گاڑیوں کے سرخ اشارے توڑنے یا مخالف سمت میں جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

ٹیسلا کا مؤقف ہے کہ اس کا خودکار ڈرائیونگ نظام انسانی ڈرائیوروں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے تاہم امریکی روڈ سیفٹی ریگولیٹرز اس دعوے کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید